Ishtiaq Ahmed 10th Death Anniversary 2025

Uncategorized

★   اشتیاق احمد جاسوسی ناول نگار ★ 

ایک عہد کا نام 1941 تا 2015۔ ایک ایسا نام جو 70 کی دہائی سے آج تک۔۔۔ اور انشاء اللہ ہمیشہ اردو ادب اور بالخصوص ادب اطفال کے آسمان پر روشنی بکھیرتا رہےگا۔ یہ نام امر ہوگیا جاسوسی ادب کی تاریخ میں۔ مگر ساتھ ہی یہ کروٖڑوں پڑھنے والوں کو بلکہ کئی نسلوں کو علم و ادب کے روشن باب سکھا گیا۔

کردار نگاری کی تو ایسی کہ ہر کردار قاری کے دل ودماغ میں کچھ ایسے چھا گیا جیسے گھر کا ہی کوئی فرد ہو۔ ایک نسل ان کے کرداروں کے ساتھ بڑی ہوئی۔ محمود فاروق فرزانہ ، آفتاب آصف فرحت، آفتاب، اخلاق ، اشفاق اور شوکی، انسپکٹر جمشید، انسپکٹر کامران مرزا، خان رحمان، پروفیسر داؤد، منور علی خان، ، اکرام اور دیگر ایسے کردار جو جیتے جاگتے انسانوں کی طرح محسوس ہوتے ہیں۔ یہ کمال ہے جناب اشتیاق احمد کا کہ آج بھی وہ کردار قاری کے دل و دماغ پر چھائے ہوئے ہیں۔ جب پڑھیں اتنا ہی مزا آتا ہے بلکہ دوگناکیونکہ اب یادیں بھی شامل ہوجاتی ہیں۔ 

قارئین میں اشتیاق احمد کے سفر کو آگے بڑھانے والے ناشر کی صورت میں بھی سامنے آئے، مصنف کی صورت میں بھی اور دیگر شعبہ جات ادب میں بھی۔

Ishtiaq Ahmed formally launching his latest novel PAHAAR KA SUMENDER  اٹلانٹس پبلکیشنز بطور ناشر اشتیاق احمد کے حوالے سے ایک نمایاں ادارہ بن کر ابھرا جسے فاروق احمد صاحب نے کمال مہارت سے جاری رکھا اور آخری سانس تک اشتیاق احمد اس ادارے سے اپنی تحاریر قارئین تک پہنچاتے رہے۔

 سال 2015میں کراچی بک فیئر سے واپسی پر رضائے الٰہی سے اشتیاق احمد صاحب کا انتقال ہوگیا اور یوں ایک عہد کا بظاہر اختتام ہوا مگر درحقیقت یہ ایسا نہیں ہے کیونکہ آج بھی اشتیاق احمد کی تحاریر گھر گھر میں موجود ہے اور کچھ محبت کرنے والے تحقیق و جستجو کرتے ہوئے اشتیاق احمد کی وہ گمنام تحاریر بھی ڈھونڈ کر قارئین کے سامنے پیش کرتے رہتے ہیں جو انہوں نے بچوں کے رسائل و جرائد میں لکھیں۔

    اشتیاق احمد کا مکمل کام کتنا ہے یہ تو شاید اب ایک راز ہی رہے گا کیونکہ کام گاہے بگاہے سامنے آتا رہتا ہے۔ اور آتا رہے گا۔

  ایک انسان اپنی زندگی میں کتنا لکھ سکتا ہے؟ یہ سوچ کر ہی حیرانی ہوتی ہے۔ بچپن میں دوستوں کے ساتھ اشتیاق احمد کے ناول پڑھتے تھے تو پہلا سوال اکثر نئے دوستوں کا یہی ہوتا تھا کہ یار اشتیاق احمد ایک ماہ میں چار چار ناول لکھ کیسے لیتے ہیں؟ نہ جانے کتنی بار یہ سوال خود اس ناچیز کے دماغ میں آیا۔

  یہ اشتیاق احمد کے ناولوں کا جنون ہی تھا کہ اپنے آئی ٹی سروسز کی فیلڈ سے متعلق ہوتے ہوئے مجھے 2020 میں کتاب دوست ویب سائٹ بنانے کا خیال آیا تاکہ ایک ہی ویب سائٹ پر قارئین کو اشتیاق احمد کے تمام ناول فراہم کئے جائیں تاکہ ادھر ادھر ڈھونڈنے کی زحمت سے بچ سکیں جو مجھے بہت پریشان کر چکی تھی۔ یوں دیکھا جائے تو میرا 90ز کے بعد دوبارہ اردو ادب میں آنا جناب اشتیاق احمد کی بدولت ہی ممکن ہوا اور پھر یکم اکتوبر 2020 سے جو سلسلہ شروع ہوا تو نہ جانے کب کہاں کیسے یہ سلسلہ ایک چھوٹے سے قاری سے شروع ہو کر پہلے ایک جاسوسی مصنف اور پھر ایک پبلشر تک پہنچ گیا اور آج کتاب دوست ویب سائٹس  کا  نیٹ ورک ہے۔ اس سب کی شروعات اور نکتہ آغاز ایک ہی شخصیت ہے اور وہ ہیں  جناب اشتیاق احمد مرحوم۔ ہمارے بچپن کے سب سے زیادہ پسندیدہ مصنف جن کو اتنا پڑھا اتنا پڑھا کہ لکھنا آگیا۔

  مکتبہ کتاب دوست کا قیام بھی 17 نومبر 2021 کو اشتیاق احمد کیلئے لکھے گئے ایک ناول “شعاعوں کا ہنگامہ” سے عمل میں آیا جسے اس خاکسار نے اشتیاق احمد کیلئے خراجِ تحسین نمبر کے طور پر شائع کیا۔

  اس سلسلے میں میں بہت شکرگزار ہوں اٹلانٹس پبلکیشنز کے ادارے اور جناب فاروق احمد صاحب کا کہ انہوں نے 2021 میں کتاب دوست ویب سائٹ کے لئے انٹرویو دیا جس میں اشتیاق احمد کی زندگی کے کئی منفرد پہلو سامنے آئے ۔بعد ازاں مکتبہ کتاب دوست کے آغاز کیلئے بھی رہنمائی کی۔

سال 2021   سے یہ کارواں شروع ہوا تو کتاب دوست نیو رائٹر سرچ پروگرام کے تحت کئی نئے لکھاری بھی کتاب دوست کے پلیٹ فارم سے متعارف ہوئے جو آج بہت اچھا لکھ رہے ہیں اور یہ سلسلہ آگے بڑھ رہا ہے۔

  Ammadخراج تحسین کے سلسلے میں اشتیاق احمد کے اور بڑے مداح جناب عماد حسن بھائی نے جو تحقیقی کام کیا اور اشتیاق احمد کے تمام ناولوں کی مکمل فہرست مرتب کی وہ بھی ایک زبردست کاوش ہے اور اس کے لئے انہوں نے جتنی محنت کی اس کا مجھے اندازہ ہے۔ ان کی ذاتی لائبریری میں اشتیاق احمد کے تمام ناول موجود ہیں مگر کچھ ناولوں کی کمی اس ناچیز نے بھی پوری کی اور عماد بھائی کو ناول فراہم کئے۔ جس پر بہت خوشی ہے۔

محمد فہیم عالم    اپنے ادارے بچوں کا کتاب گھرسے اشتیاق احمد کے ناولوں کی اشاعت اور ان کے پرانے کئے گئے کام کے حوالے سے معتبر اور نمایاں نام ہے۔کتاب دوست بک اسٹور سے اس ادارے کے نام پاکستان اور بیرون  ملک بھیجے جاتے ہیں۔ 

  انداز پبلیکیشنز بھی کچھ پرانے ناولز اور کچھ گمشدہ تحاریر کے حوالے سے داد کا مستحق ہے کہ بچوں کے لئے اشتیاق احمد کی لکھی تحاریر سامنے لایا۔

ان سب کے علاوہ وہ قارئین و مصنفین بھی بہت قابل احترام ہیں جن کے پاس اشتیاق احمد صاحب کے ناول، خطوط، انعامات، تصاویر، دستخط، میزبانی کرنے یا مہمان بننے کا شرف ہے۔ اور مجھ جیسے وہ قارئین بھی جن کے پاس اشتیاق احمد کے حوالے بچپن اور لڑکپن کی یادیں ہیں۔

  اشتیاق احمد مہینے کے چار ناول کیسے لکھتے تھے یہ تب تک ایک حیران کن سوال رہا جب تک اشتیاق صاحب کے نقش قدم پر چلتے ہوئے یہ کوشش خود میں نے نہیں کی، کم از کم کافی حد تک یہ ہلکا سا اندازہ مجھے ہوچکا ہے 2024 میں مہینے میں چار سے پانچ ناول لکھ کر۔ یقین کیجئے بہت مشکل کام ہے جسے ہمارے استاد دہائیوں تک بنا تھکے کرتے رہے۔ اس پر جس قدر سراہا جائے کم ہے۔

  وہ عظیم لکھاری ہر ماہ لکھتے رہے بلا ناغہ اور یہ اعزاز صرف انہیں کو جاتا ہے کہ 800 سے زائد جاسوسی ناولز اور اگر ان کے صفحات گنے جائیں تو لاکھوں میں ہونگے۔

  میں اس موقع پر چلڈرن لٹریری سوسائٹی اور فہیم عالم صاحب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے 2024 میں اس خاکسار کو 50 سے زائد ناول لکھنے پر معتبر ترین اور پسندیدہ ترین ہستی کے نام کا “اشتیاق احمد ایوارڈ برائے سال 2024” پیش کیا۔ جزاک اللہ

Ishtiaq Ahmad Award

  آج یہ عظیم مصنف ہمارے درمیان موجود نہ ہوتے ہوئے بھی ہماری یادوں اور ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔ ان کے ناول آپ بھی جس شوق اور دلچسپی سے پڑھے جاتے ہیں وہ اپنے آپ میں ایک اعزاز ہے۔ ان کے نام کی کتب آج بھی چھپ رہی ہیں، ختم ہوری ہیں پھر چھپ رہی ہیں اور نہ جانے کتنے لوگوں کا روزگار ان تحاریر سے وابستہ ہے تو گویا اشتیاق احمد کی تحاریر بعد از وفات بھی لاکھوں انسانوں کیلئے خیر کا باعث ہیں۔ ان کے عقیدت مند ہر سال یومِ وفات پر اپنے اپنے طریقے سے اظہار کرتے رہتے ہیں۔

  اللہ اشتیاق احمد کی کامل مغفرت فرمائے اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔

  تحریر پڑھنے کا بے حد شکریہ۔ آپ کا آج کے دن کے حوالے سے کیا کہنا ہے کمنٹ میں بتائیے گا۔ شکریہ ۔

 


shahzad bashir author

Shahzad Bashir
Author/Publisher


Advertise

اس ویب سائٹ پر سب سے زیادہ پسند کئے جانے والے ناولز -   ڈاؤن لوڈ کیجئے

نمرہ احمد کے ناولزNimra Ahmed Novels عمیرہ احمد کے ناولزUmera Ahmed Novels اشتیاق احمد کے ناولزIshtiaq Ahmed Novels 
عمران سیریزImran Seriesدیوتا سیریزDevta Seriesانسپکٹر جمشید سیریزInspector Jamshed Series 
دیگر مصنفین کے ناولزشہزاد بشیر کے ناولزShahzad Bashir Novelsنسیم حجازی کے ناولزNaseem Hijazi Novels


ہمیں امید ہے کہ آپ اس ویب سائٹ سے اپنے مطالعاتی ذوق کی تسکین حاصل کرتے ہیں۔ کیا آپ اس ویب سائٹ کے ساتھ تعاون کرنا پسند فرمائیں گے؟ We hope you will enjoy downloading and reading Kitab Dost Magazine.You can support this website to grow and provide more stuff ! Contribute | Advertisement | Buy Books |
Buy Gift Items | Buy Household ItemsBuy from Amazon