پانچ فروری۔ کشمیر ڈے
کیا مقصد کے حصول کیلئے اتنا کافی ہے ؟
کشمیری مسلمانوں کی اخلاقی حمایت کے تناظر میں لکھا گیا طنزو مزاح کالم #4۔
تحریر: شہزاد بشیر
بلاوجہ: کہاں چلے جارہے ہو مارچ کرتے ہوئے ؟
خواہ مخواہ: ارے بھائی ۔۔خریداری کرنے اور کہاں۔ کل تو سب کچھ بند ہوگا نا۔
بلاوجہ: کیوں بھئی پھر کوئی بڑی شخصیت ماردی گئی کیا؟
خواہ مخواہ: ارے نہیں جناب۔ یہ تو پہلے ہوتا تھا جب نامعلوم افراد کسی بھی بہانے سے شہر بند کروادیاکرتے تھے۔
بلاوجہ: اچھا توپھر اب کون بند کروائے گا؟
خواہ مخواہ: حکومت خود۔ کتنے بھلکڑ ہو یار۔ ارے بھائی کل پانچ فروری ہے ۔ یاد نہیں کیا؟
بلاوجہ: ارے ہاں یاد آیا۔ پھر تو مجھے بھی چلنا چاہئے ۔ کچھ سامان لینا ہے۔ کل بازار بند ہیں تو میں بھی فائدہ اٹھا لوں۔
خواہ مخواہ: ہاں یہی بات ہے۔
بلاوجہ: اچھا۔۔ یہ بتاﺅ ۔۔ کہ ہم برس ہا برس سے یہ کشمیر کے لئے ہڑتال کرتے ہیں ۔ اس کا فائدہ کیا ہے؟
خواہ مخواہ: ارے ۔۔ اس میں فائدہ نقصان کی کیا بات ہے؟ یہ تو دنیا کو یہ بتانے کیلئے ہے کہ ہم کشمیر کے ساتھ ہیں۔
بلاوجہ: ارے وہی تو کہہ رہا ہوں کہ کشمیر کو اس ہڑتال سے کیا فائدہ ؟
خواہ مخواہ: فف۔۔ فائدہ۔۔ فائدہ تو۔۔ ہاں ہے نا۔
بلاوجہ: ارے وہی تو پوچھ رہے ہیں۔کیا فائدہ ہے۔
خواہ مخواہ: ارے ان کو یہ اخلاقی تعاون ہے ہمارا۔ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ ان کو حوصلہ ملتا ہے اس سے۔ کہ دنیا بھر کے مسلمان کشمیری ماﺅں بہنوں کے ساتھ ہیں۔
بلاوجہ: اچھا۔۔ واہ کیا بات ہے ہم مسلمانوں کی اور خاص طور پر پاکستانیوں کی۔ ہماری تو بہت عزت ہوگی نا کشمیر میں۔
خواہ مخواہ: ہاں نا ۔۔ بالکل ہے۔ آپ سنا کریں نا خبریں اور پڑھا کریں نا اخبار۔
بلاوجہ: تو تمہارا مطلب ہے کہ کشمیری خوش ہیں کہ پاکستان بند ہوجاتا ہے ان کیلئے؟
خواہ مخواہ: ارے بھئی ہاں۔ اور کیا۔
بلاوجہ: تو ان کی خوشی میں ہم مزید اضافہ کیوں نہیں کرتے؟
خواہ مخواہ: کک ۔۔ کیا مطلب۔۔ ہم اور کیسے اضافہ کر سکتے ہیں؟
بلاوجہ: ارے جناب۔ جب ان کے بچوں کو بھارتی فوجی پکڑ کر لے جاتے ہیں ۔ ان پر پیلٹ گن سے گولیاں چلاتے ہیں۔ ان کو ڈرل مشینوں سے اذیت دیتے ہیں ۔ جیلوں میں انسانیت سوز مظالم کرتے ہیں ۔ کشمیری بہنوں کی عزت اچھالتے ہیں اپنی درندگی کی حدیں پار کرتے ہیں ۔ کشمیری ماﺅں کی گودیں اجاڑتے ہیں ،کشمیری سہاگنوں کے سر کے تاج اتار دیتے ہیں اور مسجدوں کو شہید کرتے ہیں ۔۔ اس کے علاوہ بھی نہ جانے کتنے مظالم ہیں جو گنوائے بھی نہیں جا سکتے۔
خواہ مخواہ: ہاں بہت افسوس ہے کہ یہ سب ہوتا ہے۔
بلاوجہ: تو ان سب مظالم کے بعد ان کی خوشی میں اضافہ ہونا چاہئے کہ نہیں ؟
خواہ مخواہ: کیا مطلب ہے تمہارا آخر؟
بلاوجہ: سیدھی سی بات ہے ۔ ہم کشمیریوں کو خوش اور مطمئن کرنے کیلئے ایک دن سال میں ہڑتال کر کے یہ بتا دیتے ہیں کہ بس ہم تمہارے ساتھ ہیں۔ اور یوں وہ بہت خوش ہو جاتے ہیں کہ ان سب مظالم کے بعد پاکستانی تو ہمارے ساتھ ہیں نا۔ وہ مسرور ہو جاتے ہیں اور اس دن ان کے گھروں میں شادیانے بجائے جاتے ہیں۔ ۵ فروری ان کے لئے بہت خوشی کا دن ہوتا ہے ۔ ہے نا۔
خواہ مخواہ: نہیں ایسا نہیں ہوتا ۔
بلاوجہ: ارے مگر کیوں ۔ ابھی تم نے ہی تو کہا کہ وہ خوش ہوتے ہیں۔
خواہ مخواہ: ارے وہ تو میرا مطلب تھا۔ ۔۔ کہ ۔
بلاوجہ: کیا مطلب تھا؟
خواہ مخواہ:مطلب کہ ایسا تو نہیں ہے بہر حال کہ وہ خوش ہوجاتے ہیں۔ کیونکہ ان کا دکھ ، کرب ، اذیت اور احساس شائد ہی دنیا میں کوئی کرسکے۔ تو خوش تو وہ نہیں ہوتے ہونگے۔ بس ایک اطمینان ہے کہ پاکستان ہماری اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے ۔
بلاوجہ: اخلاقی حمایت۔
خواہ مخواہ: ہاں نا۔
بلاوجہ: ارے بھائی ۔۔ میری بات سنو۔۔ اگر ابھی یہاں اس بازار میں مجھ سے کوئی پیسے چھین کر لے جائے تو تم کیا کروگے؟
خواہ مخواہ: میں اس کا پیچھا کروں گا ۔ پکڑوں گا اسے۔
بلاوجہ: اچھا پکڑ لینے کے بعد جب وہ تصدیق کردے گا کہ ہاں میں نے چھینے ہیں اور تم جو چاہوکرلو۔ تو تم کیا کرلوگے۔
خواہ مخواہ: میں تو لگادوں گا اس کی وہیں کّٹ۔۔ایسا دھوﺅں گا کہ نانی یاد آجائے گی اسے ۔۔ہاں۔
بلاوجہ: اچھا اور اگر وہ کسی بڑے آدمی کاگرگا، کسی بڑے گینگ کا کارکن، کسی سیاسی جماعت کا کارکن نکلا تو پھر کیا کروگے؟
خواہ مخواہ: ارے پھر میں اسے پولیس کے حوالے کردوں گا۔اور کیا ۔۔ پولیس خود ہی اس کو سیدھا کر دے گی۔
بلاوجہ: اور اگر وہ پولیس سے بھی نہ ڈرا۔ ان کو بھی کچھ دے دلا کر باہر آگیا ۔اسی جگہ اسی طرح اس نے پھر مجھ سے پیسے چھینے بلکہ اس دفعہ اس نے میرے کپڑے بھی پھاڑ ڈالے کیونکہ اسے مجھ سے بیر ہو گیا تھا۔ اور پھر سے اسی جگہ وہی بدمعاشی کرنے لگے ۔سب کے سامنے اور عوام سے بے خوف ہو کر۔۔ تب تم کیا کروگے؟
خواہ مخواہ: پھر۔۔ پھر۔۔۔ہاں پھرمیں۔۔پھرمیں کیا کروں گا؟ ۔۔ کیا کروں ؟ ہاں میں پھر تمہارا ساتھ دوں گا اور ہم احتجاج کریں گے ۔ لوگوں کو اکٹھا کریں گے ۔ اور مل کر اس کی حجامت کریں گے کہ وہ آئندہ کیلئے ایسی حرکت نہ کرے ۔
بلاوجہ: اچھا اور اگر اس سے ڈر کر لوگ جمع ہوگئے مگر صرف تماشا دیکھنے اور ویڈیوبنانے اور کچھ دیر کا افسوس کرنے اور مجھے ۔۔یہ کرو وہ کرو۔فلاں کے پاس جاﺅ۔۔ فلاں سے شکایت کرو ۔۔وغیرہ جیسے مشورے دے کر اپنے اپنے کاموں میں مصروف ہو گئے تو۔۔؟
خواہ مخواہ: تو ۔۔ تو۔میں پھر بھلا کیا کرسکتا ہوں؟
بلاوجہ: کچھ بھی جو تمہارے بس میں ہو۔۔۔!
خواہ مخواہ: پھر تو بس یہی کر سکتا ہوں کہ تمہاری اخلاقی حمایت کروں اور لوگوں کوبتاﺅں کہ تمہارے ساتھ ظلم ہوا ہے۔
بلاوجہ: صرف اخلاقی حمایت؟ چاہے مجرم سامنے ہی کیوں نہ دندناتا پھرے۔چاہے اس نے مجھے کتنی ہی تکلیف کیوں نہ دی ہو تم اور عوام صرف میری اخلاقی حمایت کروگے ؟ مجرم کو نہیں پکڑوگے ؟ اس پر چڑھائی نہیں کروگے؟
خواہ مخواہ: نہیں میں تمہارے لئے شٹر ڈاﺅن کردوں گا ایک روز کیلئے تاکہ تمہارا ساتھ دے سکوں۔
بلاوجہ: میرا ساتھ صرف ایک دن دوگے؟تب تک کیوں نہیں جب تک انصاف نہ مل جائے؟
خواہ مخواہ:نہیں دوست ۔۔ پھر یہ میرے لئے کہاں ممکن ہوگا۔ میرے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں۔ کاروبار بھی دیکھنا ہوتا ہے۔ دکان نہیں کھولوں گا تو کھاﺅں گا کہا ں سے ۔ بس ایک دن ہی دکان بند کر سکتا ہوں۔ اور اس دن بھی دوستوں سے ملنا ملانا، کسی تفریح کیلئے نکل جانا، کوئی اچھی سی انگلش یا انڈین فلم دیکھ لینا، کوئی گیم کھیل لینا یا کوئی کتاب پڑھ کر دن گزر جاتا ہے تو گویا چھٹی گزر جائے گی۔
بلاوجہ : اچھا تو یہ ہے تمہاری اخلاقی حمایت۔
خواہ مخواہ: ہاں ہے تو۔۔
بلاوجہ: تبھی کشمیری برسوں سے غلامی میں ہیں کہ کروڑوں مسلمان ”اخلاقی حمایت“ کر رہے ہیں جس سے ان کو بہت خوشی مل رہی ہے ۔ انہیں تو عید کے تہوار کی طرح منانا چاہئے اس دن کو۔ انہیں سارے دکھ درد بھول جانا چاہئیں ۔ جو بھی ان بھارتی درندوں نے دیئے ہوں وہ سب بھول جائیں اور اخلاقی حمایت کو انجوائے کریں۔
بقول مرحوم عمر شریف”کشمیری عوام نے بھی اس قوم سے امید لگا رکھی ہے جو چوہتر سال سے صرف انہیں ملی نغمے سنا رہی ہے
اس ویب سائٹ پر سب سے زیادہ پسند کئے جانے والے ناولز - ڈاؤن لوڈ کیجئے
ہمیں امید ہے کہ آپ اس ویب سائٹ سے اپنے مطالعاتی ذوق کی تسکین حاصل کرتے ہیں۔ کیا آپ اس ویب سائٹ کے ساتھ تعاون کرنا پسند فرمائیں گے؟ We hope you will enjoy downloading and reading Kitab Dost Magazine. You can support this website to grow and provide more stuff ! Donate | Contribute | Advertisement | Buy Books |
Buy Gift Items | Buy Household Items | Buy from Amazon |