review on wormhole novel

Wormhole Novel Review by Arfan Murtaza

Book Reviews Column Crime Detective Novels Famous Urdu Novels Khas Numbers خاص نمبر - مکمل Shahzad Bashir

تبصرہ : ورم ہول (خاص نمبر) 
تبصرہ نگار: عرفان مرتضیٰ
 

لیں جناب ۔۔ناول تو ایک ہی نشست میں پڑھ ڈالا یا ایسے بھی کہہ سکتے ہیں کہ اس ناول نے اٹھنے ہی نہیں دیا۔

جی ہاں۔۔ میں بات کر رہا ہوں شہزاد بشیر صاحب کے نئے ناول “ورم ہول” کی۔

سب سے پہلے بات کرتے ہیں ناول کے سرورق کی، جو دیکھنے میں ہی بہت جاذبِ نظر ہے اور فوراً قارئین کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔

اس کے بعد ناول کی پرنٹنگ بھی بہت اچھی ہے، جو پڑھنے کے تجربے کو مزید خوشگوار بناتی ہے۔

۔”ورم ہول” شہزاد بشیر صاحب کا تیسرا خاص نمبر ہے اور اب تک کے ان کے ناولوں میں سب سے طویل ہے۔

اس ناول کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا تھا اور اس کی وجہ تھی اس کا منفرد موضوع۔

شہزاد بشیر صاحب نے ایک بہت ہی مشکل موضوع کا انتخاب کیا اور پھر اس پر 500 صفحات کا ایسا ناول لکھا جو سنسنی، ایکشن اور معلومات سے بھرپور ہے۔

“ورم ہول” ایک ایسا موضوع ہے جو کئی لوگوں کے لئے نیا بھی ہے اور دلچسپ بھی۔

یہ موضوع کائنات کے بہت سے راز اپنے اندر سموئے ہوئے ہے اور اس عنوان کو دیکھ کر ہی لگتا تھا کہ یہ ایک زبردست معلوماتی ناول ثابت ہوگا اور یقیناً۔۔ یہ ناول میری سوچ سے بڑھ کر نکلا۔

“ورم ہول” کائنات کے رازوں کو سمجھنے کی ایک کوشش ہے۔

ورم ہول کا تصور سائنس فکشن میں کافی مقبول رہا ہے اور یہ کائنات میں ایسے راستے کے طور پر دیکھا جاتا ہے جو دور دراز کہکشاؤں کو آپس میں جوڑ سکتا ہے۔

یہ ایک ایسا نظریہ ہے جو اب خیالات اور مفروضات کی حد پار کر چکا ہے اور بے پناہ دلچسپی کا حامل ہے۔

ورم ہولز کے بارے میں سوچنا ہمیں کائنات کی وسعت اور اس کے نہ ختم ہونے والے رازوں کی طرف لے جاتا ہے۔

شہزاد بشیر صاحب نے اس موضوع کو نہایت مہارت سے اپنی کہانی کا حصہ بنایا ہے اور اس کے ذریعے قاری کو ایک منفرد اور حیرت انگیز تجربہ فراہم کیا ہے۔

شہزاد بشیر صاحب ہمارے دور کے ایک مایہ ناز مصنف ہیں جو اپنے انوکھے اور منفرد موضوعات کی وجہ سے بہت مشہور ہیں۔

ان کا ہر ناول ہمیشہ نئے اور اچھوتے موضوع پر مبنی ہوتا ہے، جو قارئین کو ایک نیا زاویہ فکر دیتا ہے۔

۔”ورم ہول” ان کا ایک ماسٹر پیس ناول ہے، جس میں انہوں نے نہ صرف ایک مشکل اور پیچیدہ موضوع کو بہت خوبصورتی سے بیان کیا ہے بلکہ اس میں کہانی کی روانی اور سنسنی کو بھی برقرار رکھا ہے۔

شہزاد صاحب کا اندازِ تحریر ایسا ہے کہ قاری ایک دفعہ کہانی میں محو ہو جائے تو کہانی کے ختم ہونے تک اسے چین نہیں آتا۔

ان کے کرداروں کی گہرائی، کہانی کی پیچیدگی، اور پلاٹ کی تعمیر سب کچھ اس قدر عمدہ ہوتا ہے کہ قاری بھی اپنے آپ کو کہانی کے ساتھ بہتا ہوا محسوس کرتا ہے۔

“ورم ہول” بلاشبہ ایک ایسا ناول ہے جو ہر قاری کے لیے ایک یادگار تجربہ ثابت ہو سکتا ہے۔

اس کی کہانی، موضوع اور شہزاد بشیر صاحب کی قلم کی مہارت نے اسے ایک بہترین ناول بنا دیا ہے، جو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔

شہزاد بشیر صاحب کے کئی ناول منظر عام پر آ چکے ہیں اور ان کے ہر نئے ناول کے ساتھ قارئین کی دلچسپی مزید بڑھتی جا رہی ہے۔

ان کی چھ مختلف سیریز ہیں جن میں سے ہر سیریز کا ناول ہر مہینے باقاعدگی سے شائع ہوتا ہے۔

ہر سیریز ایک دوسرے سے جدا اور منفرد ہے اور ان سب میں مختلف موضوعات کو انتہائی خوبصورتی اور مہارت کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

یہ کام صرف شہزاد بشیر جیسے مایہ ناز لکھاری کا ہی ہو سکتا ہے جو اپنے منفرد طرزِ تحریر اور گہرے فہم کے باعث ہر سیریز میں ایک نیا زاویہ تخلیق کرتے ہیں۔

اب اگر ہم اس بات کو مان بھی لیں کہ ہر سیریز میں الگ الگ کردار ہیں تو پھر بھی ہر کردار کا اپنا مزاج، شخصیت، اور رنگ ہے۔

کوئی بھی کردار دوسرے سے مشابہت نہیں رکھتا۔ اور پھر ان سیریز کے تمام کرداروں کو ایک ہی ناول میں یکجا کر دینا تو واقعی ایک ناممکن سا کام لگتا ہے۔

لیکن شہزاد بشیر صاحب کی مہارت کا کمال دیکھیں کہ انھوں نے ساری سیریز کے کرداروں کو اپنے اس ناول میں ےیکجا کر دیا۔

ناول پڑھ کر قاری کو ذرا بھی احساس نہیں ہوتا کہ یہ چار مختلف ٹیمیں ہیں جو ایک ہی کہانی کا حصہ ہیں۔ ہر کردار کی اپنی ایک خاصیت ہے جو کہ کہانی کے مطابق اپنا کردار بخوبی نبھا رہا ہے۔

یہ صرف شہزاد صاحب کا ہی کمال ہے کہ ایک ہی ناول میں مختلف سیریز کی ٹیموں کو شامل کرنے کے باوجود وہ کہانی کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ آگے بڑھاتے ہیں۔

موضوع کی پیچیدگی کے باوجود، انہوں نے ان کرداروں کو کہانی کی روانی کے ساتھ جوڑ کر رکھا۔

کہانی نہایت تیزی سے آگے بڑھتی ہے جس کی وجہ سے قاری کی دلچسپی ہر لمحہ برقرار رہتی ہے۔

ہر صفحے پر نئی معلومات، سنسنی اور انکشافات کا ایک نیا جہاں موجود ہے جو قاری کو حیرت میں ڈال دیتا ہے۔

کہانی :- 

ناول کا آغاز ایک سپیس شپ سے ہوتا ہے جو خلا میں کہیں غائب ہو چکا ہے۔

اس کے بعد کہانی ایک دل دہلا دینے والے موڑ پر پہنچ جاتی ہے، جہاں تجسس اور حیرت کے جھٹکے قارئین کو آخر تک جکڑے رکھتے ہیں۔

ہر صفحہ پلٹتے ہی دل کی دھڑکن تیز ہو جاتی ہے۔

فٹبال میچ کے دوران وکی اور مونا ایک ایسی خطرناک صورتحال کا شکار ہو جاتے ہیں جو واقعی اعصاب شکن ہے۔

ایک لمحے کے لئے بھی آنکھیں صفحات سے ہٹنے کا نام نہیں لیتیں۔

پھر انسپکٹر جرار ایک ایسی پیچیدہ صورتحال میں پھنس جاتے ہیں جسے پڑھ کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔

وقت کا ایسا پراسرار کھیل جو کہ بہت ہی خطرناک تھا۔ اس نے کہانی کو مزید جاندار بنا دیا۔

اسی طرح ڈی ایس پی طاہر اور ڈاکٹر فراز بھی ایک عجیب و غریب چکر میں پھنس جاتے ہیں، جسے پڑھنا واقعی لاجواب ہے۔

ردوان کی فیملی اور ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعات جو ہم گزشتہ ردوان سیریز میں پڑھ چکے ہیں، ان کا اختتام اس ناول میں بہت ہی زبردست انداز میں ہوا۔

کہانی میں سپر ولنز کی انٹری اور ان کے ساتھ زبردست مقابلہ بھی خوب تھا۔اس نے ناول کو ایک نئی بلندی تک پہنچا دیا۔

عشال کا کردار مزید نکھر کر سامنے آیا، خاص طور پر وہ لمحات جب اس کا سامنا بیس فائٹرز سے ہوا۔ وہ مقابلہ بہت جان لیوا تھا۔

بچّہ پارٹی کی نوک جھونک بھی خوب رہی، جس نے کہانی میں مزاح کے لمحات شامل کیے۔

شہزاد بشیر صاحب یقیناً مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے اپنے ہر ناول کے ذریعے قاری کے دل میں ایک خاص مقام بنایا ہے۔

ان کے لکھنے کا انداز نہ صرف منفرد ہے بلکہ قاری کو اپنی گرفت میں لے لیتا ہے۔

آخر میں یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ شہزاد بشیر صاحب نے اردو ادب میں ایک نئی روایت قائم کی ہےان کے کردار، کہانیاں اور ان کی تخلیق کا انداز واقعی قابلِ ستائش ہے۔

شہزاد بشیر صاحب نے اردو ادب کے افق پر ایک نیا رنگ بکھیر دیا ہے، جو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔۔۔

 

عرفان مرتضیٰ

جاسوسی ناول نگار۔ سی نائن سیریز

 

شہزاد بشیر کے 37 ناولوں کا کلیکشن دیکھنے کیلئے کلک کیجئے۔ 


ورم ہول جاسوسی ناول 472 صفحات

order novel now


اس ویب سائٹ پر سب سے زیادہ پسند کئے جانے والے ناولز -   ڈاؤن لوڈ کیجئے

نمرہ احمد کے ناولز Nimra Ahmed Novels  عمیرہ احمد کے ناولز Umera Ahmed Novels  اشتیاق احمد کے ناولز Ishtiaq Ahmed Novels 
عمران سیریز Imran Series دیوتا سیریز Devta Series انسپکٹر جمشید سیریز Inspector Jamshed Series 
دیگر مصنفین کے ناولز شہزاد بشیر کے ناولز Shahzad Bashir Novels نسیم حجازی کے ناولز Naseem Hijazi Novels


ہمیں امید ہے کہ آپ اس ویب سائٹ سے اپنے مطالعاتی ذوق کی تسکین حاصل کرتے ہیں۔ کیا آپ اس ویب سائٹ کے ساتھ تعاون کرنا پسند فرمائیں گے؟  We hope you will enjoy downloading and reading Kitab Dost Magazine. You can support this website to grow and provide more stuff !   Donate | Contribute | Advertisement | Buy Books |
Buy Gift Items | Buy Household ItemsBuy from Amazon