ISHTIAQ AHMED

An Article on Ishtiaq Ahmed (Writer) death anniversary

Ishtiaq Ahmed اشتیاق احمد Kitab Dost Shahzad Bashir

Ishtiaq Ahmed Writer (1941 – 2015). An special article on death anniversary for tribute by Kitab Dost. Shahzad Bashir

Ishtiaq Ahmed Writer

اشتیاق احمد (1941 – 2015) یوم وفات پر خصوصی تحریر۔

از ۔ شہزاد بشیر 

ishtiaq ahmed anniversary
SHAHZAD BASHIR (Author / Blogger) ( Founder & Admin of KitabDost group of websites)

السلام علیکم ! آج جاسوسی ادب کے بہت عظیم مصنف کا یومِ وفات ہے۔ جناب اشتیاق احمد کو مداحوں سے بچھڑے 6 برس بیت گئے۔ لیکن ان کا نہ ہونا بھی گویا ہونا ہی ہے کیونکہ وہ اپنے تخلیق کئے ہوئے کرداروں کی شکل میں بھی ہمارے ساتھ ہیں، اپنے ناولوں کی صورت ہم سے گویا ہمکلام ہیں اور مداحوں کی صورت مین بھی ہمارے درمیان موجود ہیں۔

کہنے کو بہت کچھ ہے مگر یہ نام اتنا بڑا ہے کہ کچھ بھی کہا جائے وہ کم ہی ہوگا۔ گویا سورج کو چراغ دکھایا جائے۔ دریا کو کوزے میں بند کرنے کی کوشش کی جائے۔ اس ایک انسان نے نسلوں کو متاثر کیا ہے۔

اشتیاق احمد کسی کے بچپن کی یاد ہے تو کسی کے لڑکپن کی، کسی کی جوانی اور کسی کے بڑھاپے کی۔ ہر عمر اور ہر طبقے کے کتاب دوست لوگوں کو اتنا متاثر کیا ہے کہ ہم سوچا کرتے تھے کہ یہ کردار حقیقی ہوں، یا ہم ان کرداروں کے ساتھ ہوں تو کیسا ہو۔ یہ جانتے ہوئے بھی کہ محمود فاروق فرزانہ انسپکٹر جمشید، آفتاب آصف فرحت انسپکٹر کامران مرزا اور شوکی برادرز تخیلاتی کردار ہیں مگر ان کو مصنف نے جس طرح سے ہمارے گھروں اور ہمارے معاشرے کا حصہ بنایا وہ ناقابلِ یقین حقیقت ہے۔ یہ کردار گویا بچپن سے ہمارے دوست بنے ہوئے ہیں۔

Ishtiaq Ahmed 1981 at Farooq Ahmed home in Karachiآج بھی مجھے ایسے قارئین ملتے ہیں جو ان بچوں کے ناول اسی شوق سے پڑھنے کے لئے منگواتے ہیں جو شاید کبھی ان کا بچپن میں یا لڑکپن میں رہا ہوگا۔ مجھے اچھی طرح یاد ہے جب ہم کسی کے گھر مہمان بن کر جاتے تھے اور ایک جگہ خاموش بیٹھے ہوتے تھے تو میز بان خود ہی پوچھ لیا کرتے تھے کہ اگر بور ہورہے ہو تو اشتیاق احمد کا ناول دیا جائے پڑھنے کو؟ اور ہم گویا خوشی سے اچھل پڑتے تھے۔ اسی طرح اسکول میں ہاف ٹائم مین کوئی نہ کوئی کلاس فیلو اپنے بیگ سے اشتیاق احمد کا ناول نکال لیتا تھا اور پھر اس پر زورو شور سے بحث ہوا کرتی تھی۔ ان ہی کرداروں کے انداز میں جملے ادا کرنا اور خاص طور پر محاورات سے جتنی آگاہی ان ناولوں سے ملی اتنی تو شاید اردو کے کسی پیریڈ میں نہیں ملی۔

اشتیاق احمد نے غیر محسوس طور پر جس طرح ہر عمر کے قاری کو دینی و دنیاوی تعلیمات سے بہرہ مند کیا اور اپنے کرداروں کے ذریعے جس طرح اصولوں اور قانون کی پاسداری سکھائی ہے وہ کسی اعلیٰ پائے کے استاد سے کم ہرگز نہیں ہے۔ اور طریقہ ایسا اختیار کیا کہ برسہا برس کے بعد بھی ذہن و دل سے وہ تعلیمات محو نہ ہو سکیں۔

آج اس عظیم مصنف کی برسی کے موقع پر دیکھئے کتنی عجیب بات ہے کہ وہ ایک شخص کسی کو پبلشر بنا گیا، کسی کو مصنف بنا گیا کسی کو سماجی کارکن ، کسی کو قانون کا رکھوالا اور کسی کو استاد بنا گیا۔ قاری خواہ کسی بھی طبقئہ فکر سے ہو، تربیت میں اشتیاق احمد کا ہاتھ ضرور ہے۔

Ishtiaq Ahmed formally launching his latest novel PAHAAR KA SUMENDERفاروق احمد صاحب Atlantis Publications اور اشتیاق احمد کا نام لازم و ملزوم ہے۔ انہیں بھلا کون نہیں جانتا۔ فاروق احمد صاحب سے کتاب دوست ڈوٹ کوم کیلئے انٹرویو لینے کے دوران جب اشتیاق احمد کی وفات کے واقعات پر بات ہوئی تو ان کا ایک ایک لفظ گواہی دے رہا تھا 38 سال کی رفاقت کا اور دوستی کا جو عمر کے فرق کے باوجود سمندر کی طرح گہری تھی ۔ ایک بچہ جو پاکستان کا نامور پبلشر بن گیا۔ اشتیاق احمد کے ساتھ گزارے واقعات اور قصے کسی الف لیلوی داستان سے کم نہ تھے۔ میں سمجھتا ہوں کہ اشتیاق احمد کا ہر قاری فاروق احمد صاحب کا قرض دار ہے کیونکہ انہوں نے ایک ایسی لڑی کو اپنے ارادے، اپنے عمل اور خلوص سے دوبارہ جوڑا جو خود اشتیاق احمد بہ امرِ مجبوری توڑ چکے تھے اور اس پر قائم بھی تھے۔ فاروق احمد کی وجہ سے قارئین کو مزید بے شمار تحریریں پڑھنے کو ملیں اور اب ان کا ادارہ ایسی ایسی کتب شائع کر رہا ہے جو کسی خزانے سے کم نہیں ہیں۔ اللہ انہیں مزید کامیابیاں عطا فرمائے ۔

 

 

 

Ammadابوعبداللہ عماد حسن کی اشتیاق احمد سے محبت دیکھیں تو وہ ایک کمال نظر آتا ہے۔ یعنی 1000 سے زائد ناولوں، کتب اور رسائل کا ریکارڈ نہ صرف مرتب کرنا بلکہ اسے جمع کرکے اسکین کرکے آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ کرنا۔ سبحان اللہ کیا سوچ ہے۔ عماد حسن بھی اشتیاق احمد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جاسوسی ناول “ناپاش ۔ قاتل گھڑی ۔ موت کا ہنگامہ ۔ فراٹوش”  اور کتب لکھ چکے ہیں۔ اور کامیاب بھی ہوئے ماشاء اللہ۔ اللہ مزید کامیابیاں عزت و عروج عطا فرمائے۔

احمد نعمان شیخ بھی اشتیاق احمد کے انداز میں جاسوسی ناول لکھنا شروع کر چکے ہیں۔ پہلا جاسوسی ناول “نیلی یو ایس بی” لکھ کر انہوں نے ثابت کیا کہ اشتیاق احمد کا انداز ان کے شاگردوں میں سرائت کر چکا ہے۔ اللہ کامیاب کرے۔ آمین

جناب Jalal Sarwar جواشتیاق احمد کے جاسوسی ناول گروپ کے ایڈمن ہیں۔ ان کو اس گروپ کو متحرک رکھنے اور بہترین طریقے سے چلانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اشتیاق احمد سے محبت میں یہ گروپ بنا کر انہوں نے ہزاروں مداحوں کو یکجا ہونے کا موقع فراہم کیا ہے۔ میں نے کئی لوگوں کہ یہ کہتے سنا ہے کہ کاش دوسرے مصنفین کا بھی ایسا ہو کوئی محبت بھرا گروپ ہو۔ سب کیلئے دعا ہےمیری۔

یہاں اشتیاق احمد کے ایک بہت ہی پرانے رفیق اور میزبان اعجاز احمد نواب کا بھی تذکرہ کرنا ضروری سمجھتا ہوں جو اشتیاق احمد کے ناولوں کے راولپنڈی میں سب سے بڑے اور معروف ڈیلر ہیں ۔ اشرف بک ایجنسی کو سب جانتے ہیں۔ انہوں نے اشتیاق احمد کے بارے میں اس ناچیز سے اپنی یادیں شیئر کیں اور حیرت زدہ کر دیا۔ پھر “اردو کہانی کا سفر” میں اشتیاق احمد سے متعلق کئی انکشافات بھی کئے۔ اور ان سنہری یادوں کو قارئین کے ساتھ شیئر کیا۔ اللہ انہیں بھی خوش رکھے۔ آمین

اور بھی کئی بڑے محترم اور معروف نام ہیں اشتیاق احمد کے حوالے سے جن ذکر طوالت کی وجہ سے ابھی نہیں کر سکوں گا۔ اللہ سب کو خوش رکھے۔

Shahzad Bashirمجھے نہیں پتہ وہ کونسی قوت و طاقت ہے جو مجھے اپنی شدید مصروفیات کے باوجود اشتیاق احمد کے قارئین کے لئے ایک ویب سائٹ ڈیویلپ کرنے کی راہ پر لے کر آئی۔ نہ صرف یہ بلکہ نئے مصنفین کی تلاش کا کام اور ان کی تحریروں کی اشاعت، اشتیاق احمد سے جڑی اعلیٰ شخصیات کے انٹرویوز، اشتیاق احمد کے خاص نمبرز کے ویڈیو خلاصے، ناولوں پر تبصرے اور پھر اس سے بھی دو قدم آگے انہی کے انداز مین ناول لکھنے اور پھر آج اشتیاق احمد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے انہیں کے کرداروں کے ساتھ ناول شائع کرنے جیسے بڑے بڑے کام کروانے والی طاقت قدرت کے سوا اور کوئی نہیں ہو سکتی۔ آج قدرت نے موقع دیا اور مجھ ناچیز سے یہ کام لیا کہ اس عظیم مصنف کی یاد کو اس انداز مین تازہ کیا جائے۔

یہ سب اپنی جگہ مگر جو جذبہ اور جوش قارئین کا ہے اس سے یہ محسوس ہی نہیں ہوتا کہ اشتیاق احمد کو اپنے درمیان نہیں سمجھتے۔ جس طرح قدم قدم پر مجھے حوصلہ دیتے رہے، شوق سے بے چینی سے اور صبرو استقلال سے مجھ ناچیز کے لکھے گئے ناول کا نہ صرف انتظار کیا بلکہ حیرت تو یہ ہے کہ ایک نئے مصنف پر اتنا اعتماد کہ ناول شائع ہونے سے پہلے ہی اس کی قیمت بھی میرے اکاؤنٹ میں بھیج دی۔ اور یہ کوئی ایک دو یا چار پانچ قارئین نہیں، ماشاء اللہ اچھی خاصی تعداد ہے۔ اللہ سب کے رزق میں صحت میں کاروبار مین خوشیوں مین اور محبتوں میں بے شمار اضافہ فرمائے ۔ آمین۔

میں سمجھتا ہوں کہ کسی مصنف کا اصل سرمایہ قارئین ہی ہوتے ہیں اور یہاں تو تمام ہی قارئین مداحوں کی جیتی جاگتی تصویر ہیں ۔ مجھے اس دوران قدم قدم پر حیرانی ہوئی۔ کیسے کیسے مداحوں سے ملاقات ہوئی ہے اور ایک سے بڑھ کر ایک ملا ہے۔ ہر قاری اشتیاق احمد کی تحریروں کا ہی نہیں ان کی شخصیت کا بھی دیوانہ ہے۔

آج کا دن اس عظیم انسان کا یوم وفات ہے جس نے کم عمری میں ہی چلینجز کا سامنا کر کے بے انتہا مشکل حالات کا جوانمردی سے مقابلہ کر کے، اپنی اسناد پر رکھ کر چیزیں بیچ کر، حرام کے خیال سے سرکاری نوکری چھوڑ کر صرف اور صرف قلم کی طاقت سے دنیا و آخرت کے لئے کامیابیا سمیٹ لیں۔ دنیا میں بچوں کیلئے سب سے ضخیم ناول لکھنے کے علاوہ اور بھی کئی ریکارڈز ان کے نام رہے۔ اصل ایوارڈ تو وہ مداح ہیں جو آج بھی انہیں یاد رکھنے کے لئے اپنے اپنے طور پر ان کا ذکر کرتے ہیں اور ان کی تحریریں پڑھتے ہیں بلکہ اپنے بچوں کو بھی منگوا کر دیتے ہیں۔

میں تو ابھی ناول نگاری میں نو وارد ہوں۔ فقط چھ سات ناول ہی لکھے ہیں لیکن اشتیاق احمد کا شاگرد کہلانا میرے لئے باعثِ فخر ہے اور دیکھئے آپ سب لوگ بھی کیاکمال ہیں۔ سب کے جذبے اور تعاون کو میں سلام پیش کرتا ہوں۔ میرا تازہ ناول “شعاعوں کا ہنگامہ” جسے “خراجِ تحسین نمبر ” بنانے میں آپ سب نے جس طرح جوش کا مظاہرہ کیا اور جس طرح سب نے اپنے اپنے خراج تحسین لکھ کر بھیجے اور خاص طور پر کچھ ننھے قارئین نے بطور خاص درخواست کی تو میں بھلا کیسے ٹال سکتا تھا۔ بہت سے لوگوں نے ناول پرنٹ میں جانے کے بعد بھی خراجِ تحسین پیش کئے مگر وقت چونکہ کم تھا اور مجھے 17 نومبر سے پہلے ہر صورت میں ناول قارئین تک پہنچانا تھا اس لئے بہت سائے قارئین و مداح ناول میں اپنا خراج تحسین شائع کروانے سے رہ گئے مگر دل سے سب کا مشکور ہوں اور اللہ سے دعا ہے کہ سب کے خراج تحسین اشتیاق احمد کو پہنچیں۔ اور جتنے لوگوں نے مجھ ناچیز کو اس کام کے حوالے سے دعاوں سے نوازا اللہ قبول کرے ۔ آمین۔

ناول  شائع ہو چکا ہے اور یہ ناول اشتیاق احمد کے مداحوں کے لئے ایک یاد گار ہے اس میں اس ناچیز کا بھی کردار ہے جو بچپن کی خواہش تھی کہ کاش ہم بھی انسپکٹر جمشید، کامران اور شوکی برادرز کی ٹیم کا حصہ ہوتے۔ وہ اس طرح سے پوری ہوئی ہے۔ امید ہے قارئین یہ یاد گار ناول بھی اپنی گھر کی شیلف اور لائبریریوں کے ریک میں سجانا پسند کریں گے۔ اور آنے والی نسلیں جب جب اشتیاق احمد کے ناول پڑھیں گی تو اس ناچیز کا یہ “خراجِ تحسین نمبر” بھی ان کی نظر میں کچھ مقام حاصل کر پائے گا۔ ان شاء اللہ۔

اس ناول کی اشاعت میں 2 بار تاخیر ہوئی۔ ایک بار کرداروں کے ناموں کی وجہ سے اور دوسری بار قارئین کے خراج تحسین بھی شامل کرنے کی وجہ سے۔ اور اس دوران اچانک مہنگائی کی ایک لہر آئی اور کاغذ کا ریٹ بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ جس کی وجہ سے 42 فیصد زائد اخراجات برداشت کرنا پڑے مگر آج کے دن کی اہمیت ہر چیز سے زیادہ تھی۔ چناںچہ آپ سب گواہ رہئے گا کہ میں نے آپ کو وقت پر یہ یادگار ناول شائع کروا کر آپ سب تک پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ جن لوگوں نے اب تک نہیں منگوایا ہے وہ بھی ضرور وقت نکالیں امید ہے ناول پڑھ کر مایوسی نہیں ہوگی۔

اس دفعہ ناولوں کے تبصرے ایک ہی پوسٹ میں کروانے کا پروگرام ہے بجائے الگ الگ پوسٹ شائع کرنے کے۔ امید ہے قارئین ساتھ دیں گے۔ ایک بار پھر فاروق احمد (اٹلانٹس پبلیکیشنز) کا بہت شکریہ کہ انہوں نے وقت سے بہت پہلے ہی ناول پرنٹ کر کے فراہم کر دیا۔ اور ایک اور خوشی یہ ہے کہ اس ناول کے ساتھ ہی کتاب دوست بھی ناولوں کی پبلکیشن میں آگئے ہیں۔ آئندہ بھی کتاب دوست کے ناول اٹلانٹس سے ہی پرنٹ ہوا کریں گے اور جس انداز فاروق بھائی نے ناول شائع کیا وہ قابلِ تعریف ہے۔ ڈیجیٹل پرنٹنگ اور خوبصورت سرورق کے ساتھ مہنگے کاغذ کا استعمال۔ شعاعوں کا ہنگامہ ایک بہترین مثال ہے۔ اللہ انہیں جزا عطا فرمائے۔ آمین

آج اس موقع پر میری تمام قارئین سے درخواست ہے کہ اشتیاق احمد کے درجات کی بلندی کیلئے دعا ضرور کیجئے گا۔ اللہ اشتیاق احمد کی کامل مغفرت فرمائے اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین جزاک اللہ

ناول شعاعوں کا ہنگامہ (خراجِ تحسین نمبر) شائع ہو چکا ہے ۔ جھلکیاں ملاحظہ کرنے اور آرڈر کرنے کیلئے

یہاں کلک کیجئے 

Shuaon Ka Hangama

Order Shahzad Bashir Novels Package & Save Rs.270/-

Click Here to view the 3 Novels Package 


اس ویب سائٹ پر سب سے زیادہ پسند کئے جانے والے ناولز -   ڈاؤن لوڈ کیجئے

نمرہ احمد کے ناولز Nimra Ahmed Novels  عمیرہ احمد کے ناولز Umera Ahmed Novels  اشتیاق احمد کے ناولز Ishtiaq Ahmed Novels 
عمران سیریز Imran Series دیوتا سیریز Devta Series انسپکٹر جمشید سیریز Inspector Jamshed Series 
دیگر مصنفین کے ناولز شہزاد بشیر کے ناولز Shahzad Bashir Novels نسیم حجازی کے ناولز Naseem Hijazi Novels


ہمیں امید ہے کہ آپ اس ویب سائٹ سے اپنے مطالعاتی ذوق کی تسکین حاصل کرتے ہیں۔ کیا آپ اس ویب سائٹ کے ساتھ تعاون کرنا پسند فرمائیں گے؟  We hope you will enjoy downloading and reading Kitab Dost Magazine. You can support this website to grow and provide more stuff !   Donate | Contribute | Advertisement | Buy Books |
Buy Gift Items | Buy Household ItemsBuy from Amazon